6 نومبر 2013 - 20:30
وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور کی علامہ ساجد نقوی سے ملاقات

مرکزی دفتر ایس یو سی میں ہونیوالی ملاقات میں محرم الحرام میں امن و امان، طالبان کیساتھ مذاکرات، مذہبی رواداری اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ابنا: وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات نے راولپنڈی میں شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے ساتھ ملاقات کی۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی دفتر میں ہونے والی ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ زیر بحث آنے والے موضوعات میں محرم الحرام میں امن و امان، طالبان کے ساتھ مذاکرات، مذہبی رواداری اور ملک کی سیاسی صورت حال شامل تھے۔ ملاقات میں ایس یو سی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی بھی شریک تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے طالبان سے امن مذاکرات کے لئے اہل تشیع قیادت کو اعتماد میں لینے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ وزارت مذہبی امور ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و امن و امان کی صورتحال، حکومت کے طالبان سے مذاکرات، آمدہ قومی مذہبی ہم آہنگی کانفرنس سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ہم اتحاد امت کے لئے پیش پیش ہیں۔ ایم ایم اے ہو یا ملی یکجہتی کونسل ہم نے ہر فورم پر اتحاد کا درس دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیر امین الحسنات نے حکومت طالبان مذاکرات بارے بھی علامہ ساجد نقوی کو اعتماد میں لیا اور مطالبہ کیا کہ اس معاملہ میں حکومت کا ساتھ دیا جائے۔ جس پر علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اس معاملے پر مشاورت کے بعد ہی حکومت کو جواب دیا جائے گا۔

.......

/169